وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے ہوم قرنطینہ نفاذ پر اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز ) کی اصولی منظوری دے د ی گئی ہے۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہوم قرنطینہ کے اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر بریفنگ دی گئی جنہیں وزیراعلیٰ کی جانب سے منظور کر لیا گیا، اس کے بعد وفاق کی اجازت ملنے پر پنجاب میں ہوم قرنطینہ کے نفاذ پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ہوم قرنطینہ سے متعلق عالمی معیار کے مطابق گائیڈ لائنز فراہم کی جائیں گی، قرنطینہ کے معیار سے متعلق ضروری نکات سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا حکومت کی مقرر کردہ ٹیم گھروں میں جا کر قرنطینہ کے معیار کو چیک کرسکیں گی۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق ہوم قرنطینہ اپنانے پر شہری کو بیان حلفی دینا ہوگا جبکہ حکومت کے قائم کردہ قرنطینہ مراکز اور ہوٹل میں جانے کا آپشن بھی دیا جائے گا۔
ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کورونا ٹیسٹ سیمپل لے کر رپورٹ آجائے گی، رپورٹ پازیٹو ہونے کی صورت میں قرنطینہ جانا ہوگا۔
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق متعلقہ اضلاع میں بھیجے جانے والے کورونا مریضوں کی آمدورفت کے لیے فول پروف طریقہ کار اختیار کیاجائے گا۔