وزیرِ اعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی ہے جس کے دوران مسلم ممالک کے درمیان تہذیب، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے شعبے میں تعاون کےفروغ پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں خصوصاً کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، فیصل جاوید نے وزیرِ اعظم عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ پر پاکستانیوں کے مثبت ردِ عمل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اسلامی تعلیمات، تاریخ اور اسلامی معاشروں کے خصائل کو اجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس امر کی ضرورت ہے کہ انسانیت کے احترام اور احساس پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا جائے، ہمارا مذہب ہمیں دکھی اور مشکل میں گھری انسانیت کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: وزیراعظم اخراجات میں ریکارڈ کمی لائے ہیں، فیصل جاوید
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں مشکل کی ہرگھڑی میں اپنے اہلِ وطن کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانیت کی خدمت کا یہی جذبہ ہماری معاشرے کی اصل طاقت اور خوبی ہے، کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے پاکستانیوں کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔