معروف بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے زندگی میں موسیقی کی اہمیت اجاگر کرتی اپنی ایک پوسٹ میں میوزک ترتیب دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیانو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے موسیقی کے حوالے سے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا اور موسیقی کو زندگی کی اہم ضرورتوں میں سے ایک قرار دیا ۔
لاک ڈاؤن کے دنوں میں پیانو بجانا سیکھنے والی دپیکا نے بہترین میوزک ترتیب دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ اُن کا گلوکاری کا کوئی ارادہ نہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ میں آپ سے پوچھتی ہوں کہ موسیقی کے بغیر کون رہ سکتا ہے؟فن کی اہمیت بتاتے ہوئے دپیکا نے لکھا کہ موسیقی اور رقص کے بغیر ہماری زندگی بے رنگ و بے معنی ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دپیکا نے اپنے پسندیدہ گانوں کی فہرست شیئر کی تھی جس میں کوک اسٹوڈیو کے ساتویں سیزن میں شامل عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی آواز میں امیر خسرو کا صوفی کلام ‘چھاپ تلک سب چھین لی‘ شامل ہے۔
دپیکا کی جانب سے شیئر کی گئی گانوں کی فہرست سے اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ دپیکا موسیقی کے معاملے میں خاصی باذوق واقع ہوئی ہیں۔
بھارت میں جاری ملک گیر لاک ڈاؤن کے باعث اداکارہ شوہر رنویز سنگھ کے ساتھ ازخود تنہائی اختیار کی ہوئی ہیں۔
از خود تنہائی میں بہترین وقت گزاری کے لیے جوڑی کی جانب سے اپنی مصروفیات مداحوں کے ساتھ شیئر کی جارہی ہیں۔