میوزک انڈسٹری کے نامور بینڈ اسٹرنگز کے رکن اور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے اپنی تخلیقی صلاحیت سے معروف گلوکار علی ظفر کو مُتاثر کردیا۔
حال ہی میں پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں علی ظفر اسٹرنگز بینڈ کے رکن و گلوکار بلال مقصود کا گانا ’تھک سا گیا ہوں‘ اپنے انداز میں گاتے نظر آرہے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں علی ظفر نے کہا کہ ’میں نے فیس بُک پر بلال مقصود کا گانا ’تھک سا گیا ہوں‘ سُنا جس نے مجھے بہت متاثر کیا، اُس کے بعد میں نے بلال مقصود کی اجازت لے کر اِس گانے میں اپنی کمپوزیشن کرکے اپنے مداحوں کے لیے کچھ نئے بول تیار کیے ہیں۔‘
علی ظفر نے کہا کہ ’میں اِس نئی کمپوزیشن کے ساتھ یہ گانا آپ کی خدمت میں پیش کررہا ہوں، اُمید ہے کہ آپ سب کو پسند آئے گا۔‘
گلوکار نے اپنے انداز میں گانا کچھ اِس طرح گایا:
جیتا نہیں پر
ہارا نہیں ہوں
بس
تھوڑا تھک سا گیا ہوں
ٹوٹا ہوا ہوں
بِھکرا نہیں ہوں
بس
تھوڑا تھک سا گیا ہوں
کل تک میں یوں جی رہا تھا
جیسے کوئی کل ہی نہیں
غم سارے یوں میں پی رہا تھا
جیسے کوئی حل ہی نہیں
خاموش ہوں میں
بھولا نہیں ہوں
بس
تھوڑا تھک سا گیا ہوں
مدہوش ہوں میں
کھویا نہیں ہوں
بس
تھوڑا تھک سا گیا ہوں
علی ظفر نے اپنے اِس پوسٹ کے کیپشن میں بلال مقصود کے اجازت دینے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بلال مقصود نے اپنے مداحوں کے لیے گانا ’تھوڑا تھک سا گیا ہوں‘ گایا تھا اور اُس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی تھی۔