• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں اُن والدین کا شکریہ ادا کیا جن کے بچے طبی عملے سے وابستہ ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں شنیرا اکرم نے کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت کرنے والے فرنٹ لائن ہیروز کے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اُن والدین کی شُکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے بیٹے اور بیٹیوں کو ڈاکٹر، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی تعلیم دلوائی تاکہ وہ ہماری جان بچا سکیں۔‘

شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’آج آپ کے بیٹے اور بیٹیاں ملک کو بچانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔‘

شنیرا کے اِس ٹوئٹ کے جواب میں آمنہ صدیقی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے والدین ہر لمحہ اپنے بچوں کی زندگیوں کے لیے پریشان اور بےچین رہتے ہیں، اُن کو کسی کا کوئی سلام یا خراج تحسین نہیں چاہیے، وہ صرف اپنی اولاد کا تحفظ چاہتے ہیں۔‘

ٹوئٹر صارف کےاِس جواب پر شنیرا نے اُن کو پُرسکون انداز میں سمجھاتے ہوئے لکھا کہ ’ہر والدین اپنی اولاد کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن والدین کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب وہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور اپنے بچوں کو بڑے ہوکر کامیاب انسان بننے کی ترغیب دیتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’جب ہمارے بچے کسی کی جان بچانے والے کامیاب انسان بن جاتے ہیں تو والدین کے لیے اِس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ہوتی۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل شنیرا اکرم نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ڈپریشن سے بچاؤ کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ روزانہ کچھ دیر ورزش کی جائے تو ڈپریشن اور بے چینی سے بچا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین