• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا، چانڈیو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وزیر خارجہ کی ذمہ داری بدل کر انہیں قوم تقسیم کرنے پر لگایا گیا ہے، قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزیرخارجہ نے بدترین سیاسی تقسیم کا مظاہرہ کیا۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیرِ خارجہ کی تقریر میں ہر طرح کی سیاسی نفرتیں تھیں مگر کورونا پالیسی غائب تھی۔

انہوں نے کہا کہ افسوس قریشی صاحب جس سندھ نے آپ کو محبت دی آج اسی سندھ سے آپ کو تعصب کی بو آرہی ہے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ سندھ کے لوگوں کا سیاسی عشق بھٹو ہے اور ان کا ووٹ بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو کا ہے، قریشی صاحب آپ سندھ آئیں، آپ کو اربوں کے نذرانے ملیں گے مگر ووٹ اور سیاسی سپورٹ نہیں ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ انتخابات میں تو چند ہزار ووٹ ملے تھے، آئندہ انتخابات میں ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ اگر ہماری زبان کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے تو پھر قریشی صاحب آئیں سندھ، ہم تیار ہیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی پالیسی مرتب کر رہے ہیں، سندھ حکومت کیا آرڈیننس لا رہی ہے، آپ بجلی کے بل معاف کیسے کرسکتے ہیں؟ آپ ہوتے کون ہیں بل معاف کرنے والے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ ہرگز امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جا رہا، سندھ کو آبادی کے تناسب سے زیادہ سامان دیا، سندھ کے ساتھ نا زیادتی ہوئی ہے نہ کریں گے، سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، جیسے پنجاب میں منوایا، تیاری کرلو۔

تازہ ترین