مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور شاہراہ نیلم کا کچھ حصہ نیلم جہلم ڈیم میں گرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کو لینڈ سلائیڈنگ سے بچانے کے لیے ہنگامی اقداما ت کئے جائیں اور متاثرہ علاقے سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ علاقہ مکینوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے، کورونا وباء کی طرح وہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال سے بھی احسن طریقے سے نمٹیں گے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ نیلم کا بڑا حصہ ٹوٹ گیا، جس کا ملبہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کے ڈیم میں جاگرا تھا، سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔