• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریسلر ہلک ہوگن اپنی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی سے شادی نہیں کرنا چاہتے تھے: بیٹی کا دعویٰ

ہلک ہوگن کی اپنی صاحبزادی بروک ہوگن کے ساتھ یادگار تصویر—بشکریہ غیر ملکی میڈیا
ہلک ہوگن کی اپنی صاحبزادی بروک ہوگن کے ساتھ یادگار تصویر—بشکریہ غیر ملکی میڈیا

گزشتہ ماہ انتقال کر جانے والے معروف ریسلر ہلک ہوگن کی صاحبزادی بروک ہوگن نے کہا ہے کہ ان کے والد ہلک ہوگن نے اپنی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا اور وہ ان سے شادی نہیں کرنا چاہتے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بروک ہوگن نے اپنے مرحوم والد کے آخری سالوں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے اور ہلک ہوگن کی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں چونکا دینے والے دعوے کیے ہیں۔

اباؤٹ اَس کی گلوکارہ بروک ہوگن نے انکشاف کیا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر ہلک ہوگن ستمبر 2023ء میں اسکائی ڈیلی سے شادی کرنے سے پہلے سنگین شکوک و شبہات کا شکار تھے۔

بروک نے کہا کہ اسکائی ہمیشہ مجھ سے بہت اچھی طرح پیش آتی تھیں، ان کے بچے بہت پیارے تھے لیکن میرے والد نے اس معاملے میں کچھ خدشات کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے ایک لمحے کو یاد کیا جب ہلک ہوگن نے مبینہ طور پر ان سے کہا تھا کہ وہ اس معاملے سے نکلنے کا کوئی راستہ تلاش کر رہے ہیں اور پھر اس صورتِ حال کو کچھ ایسا بیان کیا کہ اگر وہ یہ رشتہ توڑ دیتے ہیں تو بہت خراب صورتِ حال ہو گی۔

بروک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اسکائی ڈیلی کے چرچ آف سائنٹولوجی کے ساتھ ماضی کے روابط پر بھی بے چین تھیں، ایسے روابط جن کے بارے میں ڈیلی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ وہ ختم کر چکی ہیں، لیکن بروک کو اس پر یقین نہیں تھا۔

ہلک ہوگن کی صاحبزادی نے کہا کہ انہوں نے اسکائی ڈیلی کے پس منظر کی چھان بین کی اور پایا کہ وہ اب بھی اس متنازع چرچ میں اچھی حیثیت رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق ہلک نے مبینہ طور پر بتایا تھا کہ ڈیلی کو چرچ سے خارج نہیں ہونا تھا، جسے سائنٹولوجی میں ڈس کنکشن کہا جاتا ہے، تاکہ اپنے بچوں کا ان کے دادا دادی کے ساتھ رشتہ برقرار رکھا جا سکے۔

بروک نے بتایا کہ ہلک ہوگن کی جانب سے ایک پراسرار کال میں انہوں نے جو کچھ بھی کیا اس کے لیے معافی مانگی گئی جس کے کچھ ہی عرصے بعد ہم دونوں کی بات چیت بند ہو گئی، دو ہفتے بعد ہلک ہوگن نے اسکائی ڈیلی سے شادی کر لی اور فلوریڈا میں اس کے ساتھ ہی بپتسمہ بھی کر لیا۔

ہلک ہوگن اور اسکائی ڈیلی نے اپنی شادی کے صرف 2 ماہ بعد فلوریڈا کے انڈین راکس چرچ میں ایک ساتھ بپتسمہ کیا۔

اس وقت تک بروک اپنے والد سے بات کرنا چھوڑ چکی تھیں، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ فون کال آخری بار تھی جب ہماری بات ہوئی تھی، تاہم یہ دوری صرف اسکائی ڈیلی کی وجہ سے نہیں تھی۔

بروک کے شوہر اسٹیو اولیسکی نے حال ہی میں ایک جریدے کو انٹرویو میں واضح کیا کہ بروک نے اس کشیدہ تعلق کے لیے اپنی سوتیلی ماں کو الزام نہیں دیا، بلکہ اس کا تعلق اس سلوک سے تھا جو ہلک ہوگن بروک کے ساتھ روا رکھتے تھے۔

دوسری طرف اسکائی ڈیلی کے بیٹے نک ہوگن کے ساتھ اور ہلک ہوگن کے زیادہ قریبی تعلقات معلوم ہوتے ہیں، 27 جولائی کو نک کی 35 ویں سالگرہ پر ہوگن نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ تم جیسے بیٹے پر تمہارے والد کو اس سے زیادہ فخر نہیں ہو سکتا تھا۔

گزشتہ ماہ 24 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے سے ہلک ہوگن کی اچانک موت کے بعد بروک یہ جان کر دنگ رہ گئیں کہ انہیں لیوکیمیا IA کی تشخیص ہوئی تھی جسے پہلے ظاہر نہیں کیا گیا تھا جس کی خاندان میں کسی کو توقع نہیں تھی۔

انہوں نے سوال کیاکہ کسی بھی بڑی سرجری سے پہلے آپ کو خون کا ٹیسٹ کروانا پڑتا ہے، کسی نے خون کے سفید خلیوں کی زیادہ تعداد کو کیسے نہیں پکڑا؟ ہمارے خاندان میں کینسر نہیں ہے، اچانک لیوکیمیا کا سامنے آنا مجھے محض بکواس لگتا ہے۔

واضح رہے کہ میڈیکل ایگزامینر کی رپورٹ میں ہلک ہوگن کی موت کی سرکاری وجہ دل کا دورہ بتائی گئی لیکن لیوکیمیا کی موجودگی کی بھی تصدیق کی گئی تھی۔

ہوگن کی موت کے بعد ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ان کی تیسری اہلیہ اسکائی ڈیلی نے لکھا کہ میں اس کے لیے تیار نہیں تھی اور میرا دل ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا ہے، مجھے ان کی طاقت پر بہت بھروسہ تھا، میں نے سوچا تھا کہ ہمارے پاس ابھی اور وقت ہے۔

دوسری طرف بروک اس بات پر پریشان ہیں کہ ان کے اور ان کے والد کے درمیان صورتِ حال کتنی تیزی سے بدل گئی اور بہت سے سوالات جواب طلب ہی رہ گئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید