کراچی(نیوزڈیسک) اشتہارات کی مد میں بھارتی حکومت پر کروڑوں روپے واجب الادا ہیں۔ صحافی تنظیموں نے بھارت کی عدالت عالیہ میں بیان دیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے قبل ہی حکومت اشتہارات میں بڑی کمی کرچکی تھی۔ تفصیلات کے مطابق، انڈین نیوز پیپر سوسائٹی (آئی این ایس) اور نیوز براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن نے عدالت عالیہ کو کہا ہے کہ اشتہارات کی مد میں بھارتی حکومت پر کروڑوں روپے واجب الادا ہیں ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے اشتہارات کی مد میں مختلف اداروں کے تقریباً 1500 سے 1800 کروڑ روپے ادا کرنا ہیں۔ صحافیوں کی جانب سے دائر مقدمے میں بتایا گیا کہ طویل عرصے سے واجبات کی ادائیگی نا ہونے کی وجہ سے یہ رقم اتنا بڑھ چکی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میڈیا کو اشتہارات سے آمدنی میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ جب کہ اخبارات کی چھپائی کا زیادہ تر انحصار اشتہارات کی آمدنی پر ہوتا ہے۔ صحافیوں نے عدالت کو بتایا کہ کوروناوائرس کے پھیلائو سے قبل ہی حکومت نے اشتہارات میں بڑی کمی کردی تھی، جس کی وجہ سے متعدد اخبارات کو صفحات کم کرنا پڑے تھے۔