اسلام کی تاریخی فتوحات پر مبنی تُرک سریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کے سیزن 3 میں اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی کلثوم علی نے پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ نیلم منیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی تُرک سیریز کو جہاں پاکستانی عوام پسند کر رہے ہیں تو وہیں کچھ پاکستانی فنکار بھی ایسے ہیں جو سوشل میڈیا پر اِس شہرہ آفاق سیریز کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔
ایسے میں گزشتہ دِنوں نیلم منیر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اُس کے پوسٹر کی تصویر شیئر کی تھی۔
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ ’ارطغرل غازی کسی ملک کا نہیں بلکہ اسلامی تاریخ پر مبنی ایک مواد ہے اِسی لیے ہمیں پاکستان میں اِس ڈرامے کے نشر کیے جانے پر کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہماری انڈسٹری کو بھی ایسا اسلامی مواد بنانے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم بھی خود پر فخر محسوس کرسکیں۔‘
اداکارہ کی اِس حوصلہ افزائی سے بھرپور پوسٹ پر ’دیرلیش اطغرل‘ کے سیزن 3 میں اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی کلثوم علی نے کمنٹ کرتے ہوئے نیلم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
کلثوم علی نے نیلم منیر کے اِس تعریفی پیغام پر اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تُرک اداکارہ کے محبت بھرے کمنٹ کا جواب دیتے نیلم منیر نے لکھا کہ ’آپ نے جس طرح سے ڈرامے میں اپنا کردار نبھایا ہے اُس کے لیے آپ واقعی تعریف کی مستحق ہیں۔‘
نیلم منیر نے لکھاکہ ’اُمید کرتی ہوں کہ آپ جلد پاکستان آئیں گی۔‘
اداکارہ کے جواب پر کلثوم علی نے بھی پاکستان آنے کی اُمید ظاہر کی۔
یاد رہے کہ اِ س سے قبل کلثوم علی نے انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی ایک پوسٹ میں پاکستانی عوام کا اُن کے محبت بھرے پیغامات اور کمنٹس کے لیے شکریہ ادا کیا تھا۔
اُنہوں نے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے کبھی پاکستان آنے کا موقع نہیں ملا لیکن مجھے اُمید ہے کہ اِس وبا کے ختم ہونے کے بعد میں پاکستان ضرور آؤں گی اور اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گی۔