اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مقامی طورپرتیارکردہ موبائل فون سیٹوں کوفروغ دینے کیلئے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کی منظوری دیدی ہے، فون ہینڈسیٹس کے پارٹس کے مخصوص ماڈل کی بجائے مقامی تیار موبائل فون ہینڈسیٹوں میں استعمال کئے جاسکیں گے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کو صوبائی حکومتوں بالخصوص حکومت پنجاب کے ساتھ رابطہ کرکے کسانوں کو کپاس کی بہتر قیمت کو یقینی بنانے کیلئے طریقہ کاروضع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کومشیر امور خزانہ وریونیوڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کا بنیادی مقصدموبائل فون کے پارٹس کی مقامی طورپرتیاری کوفروغ دیناہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کوبتایاگیاکہ پالیسی کے تحت موبائل فون ہینڈسیٹوں کے پارٹس کے مخصوص ماڈل کی بجائے پاکستان میں تیارہونے والے تمام موبائل فون ہینڈسیٹوں میں استعمال کئے جاسکیں گے۔اس پالیسی کے نتیجہ میں معاون صنعتوں جیسے پیکجنگ اورپلاسٹنگ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اعلیٰ برانڈز کے متوقع آمد کے نتیجہ میں پاکستان کی مقامی صنعت کو بین الاقوامی ویلیوچین کا حصہ بننے کاموقع ملے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی اوسی او کی منظورشدہ امپورٹ کے تحت پی ٹی اے کے منظورشدہ مینوفیکچررزپر سی کے ڈی اورایس کے ڈی ضابطہ جاتی ڈیوٹی ختم کردی ہے۔