• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبادتگاہوں کو فوری کھولا جائے، ٹرمپ کی گورنرز کو ہدایت

واشنگٹن، پیرس(اے ایف پی، جنگ نیوز)امریکی صدر ٹرمپ نے گورنرز کو ہدایت کی ہےکہ وہ فور ی طور پرعبادتگاہوں کو کھول دیں، دوسری جانب برازیل میںہلاکتیں 20 ہزار سے بڑھ گئیں،ادھر عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکہ جنوبی امریکا کورونا کا مرکز بن گیا ہے، اس وقت دنیا بھر میں کورونا کے 52لاکھ سے زائد مریض رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 38 ہزار ہلاکتیں بھی ریکارڈ کی جاچکی ہیں، گزشتہ روز سعودی عرب میںمزید 13جاں بحق،2,642 نئےکیسز، امارات میں بھی 894نئے مریض سامنے آگئے۔تفصیلات کےمطابق وائٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے کہاکہ گورنرز کو درست سمت میںاقدامات کرتے ہوئے فوری طور پر عبادتگاہوں کو کھول دینا چاہئے،اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو میں اپنے اختیارات استعمال کروں گا،امریکا میں ہمیں عبادت کی زیادہ ضرورت ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکہ جنوبی امریکا کورونا کا مرکز بن گیاہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسی ڈائریکٹرمائیک ریان نے کہاہےکہ ایک لحاظ سے جنوبی امریکا کورونا وائرس کا مرکز بن گیاہے،ہم نے کئی جنوبی امریکی ممالک میں کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھی ہے۔ادھر لاطینی امریکا کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق برازیل دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے 20 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔سعودی عرب میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مملکت میں ہلاکتوں کی تعداد 364 ہوگئی۔وزارت صحت کے مطابق 2 ہزار 642 نئےکیسز بھی منظر عام آنے کے بعد مجموعی تعداد 68 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔حکام کے مطابق زیادہ تر کیسز ریاض میں 856، جدہ 403 اور مکہ مکرمہ میں 289 رپورٹ ہوئے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 894 نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 26 ہزار 898 ہوگئی۔خبررساں ادارے اے پی کے مطابق وزارت صحت کے مطابق ایک نئی ہلاکت کے بعد مجموعی جاں بحق افراد کی تعداد 115 ہو گئی۔دوسری جانب دبئی چیمبر آف کامرس کے ایک سروے کے مطابق دبئی میں کورونا وائرس کی وجہ تقریباً 70 فیصد کاروبار اگلے 6 ماہ کے اندر بند رہنے کی توقع ہے۔سیاحت اور ٹریول کے شعبے کی تمام کمپنیوں، ریل اسٹیٹ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ کمپنیوں اور چھوٹے بڑی دکانوں کے مالکان نے توقع ظاہر کی کہ دوسری سہ ماہی میں بھی کاروباری سرگرمیوں میں 75 فیصد سے زیادہ کمی ہوگی۔ملائیشیا میں بھی وائرس کے نئے کیسز بتدریج سامنے آرہے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق ملائیشیا میں نئے 78 کیسز کی اطلاع کے بعد وہاں مجموعی طور پر وائرس سے متاثرین کی تعداد 7 ہزار 137 ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں وزارت صحت کے مطابق ایک نئی ہلاکت کے بعد مجموعی جاں بحق افراد کی تعداد 115 ہو گئی۔برطانیہ میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر مزید 351 افراد ہلاک ہوگئے۔
تازہ ترین