ہائیڈروکسی کلوروکوئین کورونا سے بچاؤ کی ضامن نہیں، 19 سال سے ہائیڈروکسی کلوروکوئین دوائی کا استعمال کرنے والی امریکی خاتون بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی۔
امریکی ویب سائٹ ’ ڈبلیو آئی ایس این ‘ کے مطابق گزشتہ 19 سالوں سے جلد کے انفیکشن کے لیے اینٹی ملیریل دوا ’ ہائیڈروکسی کلورو کوئین‘ کا استعمال کرنے والی امریکی شہری کِم بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کِم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئین کے استعمال کی تجویز پر تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پچھلے 19 سالوں سے جلد کے انفیکشن ’لَٹس ‘ کے لیے اس دوا کا استعمال کر رہی ہیں، مگر یہ دوا بھی انہیں کورونا سے نہیں بچا سکی اور وہ بھی اس وبائی بیماری کا شکار ہو گئیں ہیں۔
کِم کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اُن کی طبیعت بہت ناساز ہے، ، تیز بخار، سانس لینے میں بہت دشواری اور خود کو بہت کمزور محسوس کر رہی ہیں، ڈاکٹر کی جانب سے اینٹی بائیو ٹک تجویز کیے جانے کے باوجود اُن میں کورونا وائرس کی علامات دن بہ دن بڑھ رہی ہیں ۔
کِم نے میڈیا کو مزید بتایا کہ انہیں جب حالت بگڑنے پر ایمرجنسی لے جایا گیا تو ان میں کورونا وائرس کی تشخیص سامنے آئی، کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی خبر اُن کے لیے ایسی تھی جیسے اُنہیں سزائے موت سنادی گئی ہو، اُنہیں ایسا محسوس ہوا کہ بس اب وہ مرنے والی ہیں ، اُن کا کہنا ہے کہ میں حیران تھی کہ مجھے کورونا کیسے ہو گیا میں تو ہائیڈروکسی کلوروکوئین کا استعمال کر رہی ہوں۔
کِم نے مزید بتایا کہ اُنہیں اسپتال کے عملے کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ یہ آج تک کسی نے نہیں کہا کہ یہ دوا کورونا کا علاج ہے یا اس سے بچا سکتی ہے ۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے نہایت احتیاطی تدابیر کے ساتھ باہر جایا کرتی تھیں اور یہ دوا آپ کو کورونا وائرس سے نہیں بچا سکتی، اس سے علاج ممکن نہیں ہے، اس دوا کے استعمال سے بھی آپ کورونا کا شکار ہو سکتے ہیں۔
کِم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے کے مطابق وہ سمجھتی تھیں کہ یہ دوا اُنہیں کورونا سے بچا لے گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہائیڈروکسی کلوروکوئین سے متعلق کر غلط بیانی کی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ ساری دنیا کو بتا رہے ہیں کہ اس دوا سے کورونا وائرس ختم ہو جائے گا ۔
واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن لینا ایک آدھ روز میں بند کردیں گے۔
گورنر کنساس سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ کلوروکوئن کی ڈوز دو روز میں پوری ہوجائے گی۔
گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہائیڈروکسی کلوروکوئن دو ہفتے سے لے رہے ہیں۔ جس پر دنیا بھر میں ڈاکٹروں نے حیرت کا اظہار کیا تھا۔