• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں کورونا کی ویکسین تیار 100؍ افراد پر تجربات و نتائج مثبت

کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے بنائی جانے والی ایک ویکسین نے حوصلہ افزا نتائج دینا شروع کر دیے ہیں اور 100؍ افراد پر کیے جانے والے تجربات کے نتائج مثبت سامنے آئے ہیں۔ 

سائنس میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویکسین کے استعمال سے ابتدائی ٹرائل کے دوران 100؍ مریضوں نے وائرس کیخلاف اچھا مدافعتی رد عمل ظاہر کیا۔ Ad5-nCoV نامی یہ ویکسین ایک چائنیز کمپنی CanSino Biologics تیار کر رہی ہے اور مارچ سے انسانوں پر اس کے تجربات شروع کر دیے گئے تھے۔ 

اب دنیا بھر میں کورونا کے علاج کیلئے 100؍ ویکسینز کی تیاری جاری ہے اور 8؍ ایسی ہیں جن کے انسانوں پر تجربات جاری ہیں۔ Ad5-nCoV ویکسین میں زکام کے عمومی وائرس کا کمزور ورژن شامل کیا گیا ہے جسے Adenovirus کہا جاتا ہے جو انسانی خلیوں کو متاثر تو کرتا ہے لیکن کوئی بیماری پیدا نہیں کرتا۔ 

اس وائرس کا کام قوت مدافعت کو کورونا وائرس کے تاج کا ایک جینیاتی مواد فراہم کرنا ہے۔ اس ویکسین کی تیاری میں خیال یہ تھا کہ انسان کی قوت مدافعت کورونا وائرس پر موجود تاج کیخلاف اینٹی باڈیز تیار کرنے کے قابل ہو جائے جس سے جسم کورونا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ 

سائنسی جریدے The Lancet میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق Ad5-nCoV نامی یہ ویکسین 108؍ صحت مند افراد پر استعمال کی گئی جن کی عمریں 18؍ سے 60؍ برس کے درمیان تھیں۔ 

تحقیق میں شامل ہونے والے افراد کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا جن میں سے ایک کو ویکسین کی ہلکی خوراک دی گئی جبکہ دو گروپس میں سے ہر ایک کو درمیانی اور بھاری خوراک دی گئی۔ 

دو ہفتوں بعد تمام افراد میں کورونا سے لڑنے کیلئے ضروری سمجھی جانے والی اینٹی باڈیز کی تیاری شروع ہو گئی جبکہ 28ویں دن تک تقریباً تمام افراد میں کورونا مخالف اینٹی باڈیز موجود تھیں۔ 

ماہرین کے مطابق سائیڈ افیکٹس میں انجکشن کی جگہ پر درد، ہلکا بخار، تھکاوٹ، سر درد اور بدن درد شامل ہیں۔

تازہ ترین