• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دکھی انسانیت کو بھی خوشیوں میں شامل کیا جائے‘ جماعت اسلامی خواتین

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ تقویٰ اور ایمان کے ساتھ رمضان المبارک میں بھلائیاں اور برکتیں سمیٹنے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں‘ اپنے آس پاس موجود سفید پوش‘ نادار اور دکھی انسانوں کی بھرپور مدد کر کے ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کی عبادتیں اور ریاضتیں قبول فرمائے اور ہمیں اسی اجر عظیم کا حق دار ٹھہرائے جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا ہے۔ ماہ صیام میں روزوں کے ذریعے حصول تقویٰ کی جو اجتماعی مشق کی گئی اللہ تعالی اس کو ہماری زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنا دے۔ انہوں نے کہا کہ مومن کیلئے عید کا دن بہت سی خوشیوں کا مجموعہ ہے جس میں رمضان المبارک کے روزے‘ قیام الیل، نزول قرآن اور لیلۃ القدر کے ساتھ سب سے بڑھ کر اللہ تعالی کی طرف سے رحمت و بخشش اور جہنم سے آزادی کے وعدہ شامل ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ عید مسلمان کیلئے مسرت اور سعادت کا دن ہے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ عید سے قبل کراچی کے افسوسناک طیارہ حادثے اور کورونا وباء کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں جس پر قوم عید سادگی اور ایثار کے ساتھ منا رہی ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عید کی ان سعادت بھری گھڑیوں میں طیارہ حادثے سے متاثرہ افراد اور گھرانوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔
تازہ ترین