• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: عید کے تین روز میں کورونا کے 230 کیس رپورٹ

بلوچستان میں عید الفطر کے تین روز کے دوران کورونا وائرس کے 230 کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 3536 جبکہ تین دن کے دوران 2 مریضوں کے انتقال سے صوبے میں کورونا سے اموات کی تعداد 41 ہوگئی۔اب تک 1156 مریض صحت یاب بھی ہوچکےہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں منگل کو کورونا وائرس کے 68 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 200 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنے باقی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عید کے روز (اتوار) کو صوبے میں 101کیس اور ایک ہلاکت جبکہ عید کے دوسرے روز (پیر) کو 61 کیس او ر ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، صوبے میں وائرس سے مقامی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 3380 ہے جن میں سے 2883 کا تعلق کوئٹہ، 120 کا قلعہ عبداللہ، 109 کا پشین اور 50 کا قلعہ سیف اللہ سے ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 163 مریض صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1156ہوگئی ہے، اس وقت 2339 کورونا وائرس کے ایکٹو مریض ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پشین میں اس وقت 483، لسبیلہ میں 113، ژوب میں 259، پنجگور میں 35، تفتان میں 42، خضدار میں 15، جعفرآباد میں 18، زیارت میں 16، بارکھان میں 14، سبی میں 9 اور گوادر میں 3 افراد قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔

تازہ ترین