لاہور( ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدرو قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کورونا کے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا ،پھر کہتا ہوں کہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائیںجبکہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہاہے کہ اپوزیشن لیڈر کمرے سے باہر نکل کر حقائق کا جائزہ لیں تو انہیں پتہ چل جائے گاکہ حکومت پوری حکمتِ عملی سے کرونا بچاؤ اقدامات کر رہی ہے‘معاون خصوصی شہباز گل کہتے ہیں کہ شہبازشریف لفاظی کی بجائے تجاویز دیں ۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میںشہباز شریف نے کہا کہ کورونا پھیلائوکو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟ تفصیل بتائی جائے‘مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومتی حکمت عملی کیا ہے اس کے بارے میں بھی قوم کو بتایا جائے‘وقت تیزی سے گزر رہا ہے‘بہتر ین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں‘مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اورتازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔ دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے حکومت پر تنقید پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ آج سارا پاکستان کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے کے نعرے پر عمل پیرا ہے لیکن ہمارے اپوزیشن لیڈر دبنگ کی بجائے ملنگ بنے ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں۔