• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ، مزید 3 لاشوں کی شناخت کرلی گئی


کراچی میں پیش آنے والے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 3 افراد کی لاشوں کی شناخت کرلی گئی۔

لاشوں کی شناخت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے کی ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مطابق شناخت کی گئی لاشیں زین العارف، وحیدہ رحمٰن اور یاسمین عقبانی کی ہیں۔

چھیپا ذرائع کے مطابق چھیپا سرد خانے سے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 17 افراد کی میتوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔

ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایدھی سرد خانے سے طیارہ حادثے میں جاں بحق 20 افراد کی میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔

چھیپا و ایدھی ذرائع کے مطابق چھیپا سرد خانے میں 44 میتیں لائی گئی تھیں، جبکہ ایدھی سرد خانے میں 53 میتیں لائی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثے کا شکار زارا عابد کی پہلی شارٹ فلم ریلیز

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین