مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے سربراہ کنفیوژن کا شکار ہیں ، وہ کورونا کے معاملے پر بھی قوم کو اکٹھا نہیں کرسکے، آج کے دن مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو نیا استحکام بخشا۔
لاہور میں یوم تکبیر پر مسلم لیگ (ن )کے زیر اہتمام تقریب سےخطاب میں پارٹی کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ22 برس قبل 28 مئی کو نوازشریف نے بیرونی دباؤ رد کرتے ہوئے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنادیا، یہ وقت آپس میں دست وگریبان ہونے کے بجائے متحد ہونے کا ہے۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، پرویز رشید اور راناثناء ﷲ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو پیغام دیتے ہیں کہ ہمارے حوصلے بھی ایٹم بم کی طرح طاقتور ہیں۔ ملک کو آزاد اور منصفانہ الیکشن کی ضرورت ہے، اندرونی جارحیت سے محفوظ رہنے کیلئے ووٹ کو عزت دینا پڑے گی۔
تقریب کے دوران کارکن نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔