• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب: کورونا کے مزید 1581 مریض سامنے آگئے، 17 کا انتقال

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مزید 1581 مریض سامنے آگئے، جبکہ وباء کے باعث 17 مریض انتقال کرگئے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متعلق اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر سے 1581 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 81 ہزار 766 تک پہنچ چکی ہے۔

 اس دوران مزید 17 مریض انتقال کرگئے، جس کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 458 ہوگئی۔ 

مزید بتایا گیا گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2460 مریض صحتیاب ہوگئے، جس کے ساتھ مجموعی تعداد 57ہزار 13 ہوگئی۔

 آج سب سے زیادہ کیس دار الحکومت ریاض سے سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 483 ہے، جبکہ جدہ میں 251، مکہ مکرمہ 189، دمام شہر میں 124، ہفوف 107 اور مدینہ منورہ میں 52 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس دنیا بھر میں 3 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ زندگیاں لے گیا، بھارت میں اب تک 4 ہزار 800 افراد جان سے جاچکے، اموات کی مجموعی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 13 سو اموات سامنے آئیں، برازیل میں مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پیر سے پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔

دبئی میں آج سے پارکس اور ساحل کھل گئے، بحرین میں پانچ جون سے مساجد میں باجماعت نماز کی اجازت دے دی گئی۔

جنوبی کوریا میں کیسز بڑھنے پر اسکول پھر بند کردیے گئے۔

دنیا بھر میں اب تک 59 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 25  لاکھ 95 ہزار سے زیادہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین