• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹمی دھماکہ راجا ظفرالحق، گوہرایوب اور میں نے کیا، شیخ رشید


وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے ایٹمی دھماکے سے متعلق نیا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکہ راجا ظفرالحق ، گوہر ایوب اور میں نے کیا تھا۔

شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف سمیت ساری کابینہ ایٹمی دھماکے کے خلاف تھی، ایٹمی دھماکوں کے وقت میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے باہر جانا پڑا، ایٹمی دھماکہ میں نے، راجا ظفرالحق اور گوہر ایوب نے کیا تھا، یہ ملکی راز ہیں، انہیں راز ہی رہنا چاہیے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرینوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کو دس دنوں میں پانچ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، مزید 5 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سر سید، کراچی، شالیمار، بہاؤالدین ایکسپریس کو شروع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ، ایم ایل ون ریلوے کی زندگی ہے، ورنہ ریلوے کو حادثات سے بچانا مشکل ہے، ایم ایل ون کے تحت ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ہم نے اب کورونا کے ساتھ چلنا ہے، چھوٹے شہروں کے کاروباری حضرات نے خریداری کے لیے لاہور آنا ہوتا ہے، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے درخواست کی ہے کہ لاہور کو 3 دن کے صرف بجائے دو روز بند کیا جائے ۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے 90 دن بہت اہم ہیں جبکہ کورونا کے بعد دنیا میں بہت زیادہ کشیدگی کے امکانات ہیں۔

شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں، تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان کا خون چوسنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، آج بھی یقین رکھتا ہوں کہ کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا ، قوم عمران خان سے توقع رکھتی ہے کہ چینی چوروں کے خلا ف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے مسلم لیگ ن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز اور حمزہ کا کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے، جی کا جانا ٹہر گیا ہے۔

تازہ ترین