پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپنی چوری چھپانے کے لیے اپوزیشن پر الزام تراشی کر رہی ہے۔
نارروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے اضافی چینی کو ایکسپورٹ کرنے کے لیے سبسڈی دی۔
انہوں نے کہا کہ اب شہزاد اکبر بھی مان گیا ہے کہ عمران خان نے ایکسپورٹ کی اجازت دی، حکومت اپنی چوری چھپانے کے لیے اپوزیشن پر الزام تراشی کر رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ کس کس نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور کس کس نے مدد کی، یہ ہے اصل ایشو، سوال یہ ہے کہ عام عادمی کی جیب پر 3 سو ارب کا ڈاکہ کس نے ڈالا؟ وہ عمران خان نیازی اور عثمان بزدار ہیں، جنہوں نے اس کی اجازت دی۔
جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں شہیدوں کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی ہے، وزیراعظم کا فرض تھا کہ خود نگرانی کرتے، خود کراچی جاتے، لیکن وزیر اعظم نتھیا گلی میں سیر کر رہے تھے اور مسافروں کے رشتہ دار دفتر دفتر ٹھوکریں کھا رہے تھے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے لاک ڈاؤن کو بھی مذاق میں لیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بے حس، نااہل اور ناکام حکومت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو حکومت 100خاندانوں کے سر پر ہاتھ نہیں رکھ سکتی، وہ 22 کروڑ کے ساتھ کیا کرے گی؟
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر ہم چیختے رہے کہ خدار راہ حفاظتی اقدامات اٹھاؤ۔
ملک میں ٹڈیوں کے حملے سے متعلق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے 10 کروڑ کا اسپرے نہیں کیا، 8 سو ارب کی زرعی معیشت تباہ کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹڈیوں سے 55اضلاع میں کسان تباہ برباد ہو چکے ہیں، یہ قدرتی آفت نہیں ہے یہ عمران خان کی نااہلی کی آفت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسانوں کا نقصان پورا کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت 15 ارب ڈالر کا نیا قرضہ لینے جا رہی ہے، اس حکومت نے پاکستان کو قرضستان بنا دیا ہے۔