طیارہ ساز کمپنی ایئربس کی ٹیم کو فرانس واپس لے جانے کے لیے خصوصی طیارہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر لینڈ کرگیا۔
ذرائع کے مطابق خصوصی طیارہ 11 رکنی فرانسیسی ٹیم کو کراچی سے لے کر فرانس روانہ ہوگا، فرانسیسی ٹیم کی روانگی آج صبح 10بجے ہوگی۔
خصوصی پرواز ’اے آئی بی 1888‘ کو سی اے اے نے 29 مئی کو لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: طیارہ حادثہ تحقیقات، ایئربس کی ٹیم فرانس سے روانہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ٹیم کے ہمراہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے 2 رکن بھی فرانس روانہ ہوں گے، ٹیم اپنے ہمراہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر لے جائے گی۔
دونوں پرزوں کو ڈی کوڈکرنے کے بعد پی آئی اے طیارہ حادثے کے اصل محرکات سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 99 افراد سوار تھے۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا کہ 2 مسافر زبیر اور ظفر مسعود حادثے میں بچ گئےجبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی۔