• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نور بخاری نے چھوٹی بیٹی کے ساتھ تصویریں شیئر کردیں

پاکستان شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اور باقی کی زندگی اسلام کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کرنے والی اداکارہ و میزبان نور بخاری نے اپنی دوسری بیٹی کے ہمراہ تصویریں شیئر کردیں۔

یاد رہے کہ نور بخاری نوزائیدہ کی پیدائش کی خبر کافی حد تک چھپانے میں کامیاب رہی تھیں  تاہم نور کی انسٹاگرام اسٹوریز نے سوشل میڈیا صارفین کو ننھے مہمان کی آمد کا پتہ بتا دیا تھا۔

عید کے موقع پر نور بخاری نے پہلی مرتبہ اپنی ننھی پری کے ہمراہ تصویریں شیئر کیں اور اس سے متعلق کی جانے والی قیاس آرائیوں کو دور کیا۔

تصویریں شیئر کرتے ہوئے نور بخاری نے لکھا کہ ’میری بیٹی کی پہلی عید۔‘

 شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد سے ہی نور اپنی ذاتی زندگی کی سوشل میڈیا تشہیر سے گریزاں رہی ہیں، اگرچہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کرتیں لیکن انسٹا پوسٹس نے ان کی اس نئی خوشی کی خبر سنا دی تھی۔


نور کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو یہ بھی اندازہ ہوتا ہے ان کے گھر آئی یہ ننھی پری 5 ماہ کی ہوگئی ہے کیونکہ 14 فروری یعنی محبت کے عالمی دن کے موقع پر نور نے ایک تصویر شئیر کی تھی جس میں وہ نومولود کا ہاتھ تھامے ہوئے تھیں۔

واضح رہے کہ نور کے متعلق یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ انہوں نے سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرلی ہے۔

ان قیاس آرائیوں نے اس وقت جنم لیا کہ جب نور بخاری کی جانب سے عون چوہدری کی تصویر ‘مائی ہیرو‘ کے کیپش سے شیئر کی گئی تھی تاہم بعد میں پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت نے جوڑے کو شادی کی مبارکباد بھی دی تھی۔

تین سال قبل  شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری کی 4 شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔

ان کی پہلی شادی 2008 میں وکرم نامی بزنس مین سے ہوئی تھی لیکن 2 سال بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔

37 سالہ نور کی دوسری شادی 2010 میں ہی فاروق مینگل سے ہوئی جو کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ چل سکی۔ نور نے تیسری شادی عون چوہدری سے 2012 میں کی تھی لیکن وہ بھی صرف کچھ ماہ ہی چل سکی، عون سے ان کی بیٹی فاطمہ بھی ہے۔

ولی حامد خان سے 2015 میں نور بخاری نے چوتھی شادی شادی کی۔ گھریلو تنازعات کے باعث شادی زیادہ عرصہ نہ چل پائی اور ستمبر 2017 میں نور بخاری نے عدالت کے ذریعے ولی حامد خان سے خلع لے لی۔

عون چوہدری تحریک انصاف کے رہنما ہیں، عمران خان سے ان کی دیرینہ قربت اور وفاداری ہے۔

تازہ ترین