• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ایل ون پروجیکٹ کی منظوری، سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس کل ہو گا

 سلام آباد ( مہتاب حیدر ) سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کل ہو رہا ہے جس میں سی پیک کے تحت 9 ارب 24 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی تخمینی لاگت سے ایم ایل ۔ون کی منظوری دی جائے گی ۔ ورلڈ بینک نے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ پاکستان ریلویز میں گورننس کو درست کر ے ۔ اس مقصد کے لئے حکومت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے تا کہ ریلوے میں ایم ایل ۔ ون پروجیکٹ کی منظوری دینے سے قبل بد انتظامی اور بد عنوانی کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ ورلڈ بینک جو اس منصوبہ میں تیسرا فریق ہے اس نے ریلوے میں ضسن حکمرانی اور قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں ۔ اس منصوبے کو دو بار موخر کر نے کے بعد حکومت نے ایک بار پھر سے اسٹریجک لحاظ سے اہم پروجیکٹ کو 3 جون کل ہو نے والے سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ایجنڈے پر رکھا ہے۔یہ اجلاس سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی ( اے پی سی سی ) سے قبل ہو رہا ہے کیونکہ حکومت چاہتی ہے کہ ایم ایل ۔ ون منصوبے کو آئیندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی ) کا حصہ بنا دیا جائے۔حکومت چاہتی ہے کہ وہ ریلویز کے آپریشنز اینڈ مینتیننس ( او اینڈ ایم ) کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلا نے کی غرض سے کچھ عرصہ کے لئے چینی فرم کے حوالے کر دے۔ ورلڈ بینک کا اپنے جائزے میں کہنا ہے کہ ریلویز میں ٹھوس اصلا حات کے بغیر مذکورہ پروجیکٹ کامیاب نہیں ہو سکتا ، اس کے لئے پاکستان ریلویز اسٹریٹجک پلان اور ادارے کا مالی استحکام ضروری ہے ۔گزشتہ اپریل میں سنٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں شعبہ او اینڈ ایم کو آئوٹ سورس کر کے اسے پانچ سال کے لئے پیشہ ورانہ انداز میں چلا نے کی غرض سے ایک چینی ٹھیکیدار کے حوالے کر نے کے امکان پر غور ہوا جس میں پروجیکٹ کی منظوری موخر کی گئی ۔ مذکورہ تجویز کے تحت پاکستان ریلویز کو چلانے میں چینی فرم کا حصہ 80 فیصد اور 20 فیصد مقامی انتظامیہ کا ہو گا اور سالانہ 20 فیصد اضافے کے ساتھ پانچ برسوں میں 100 فیصد مکمل ہو جائے گا ۔9 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی سر مایہ کا ری کے بعد ریلویز کو موجود افرادی قوت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ جا سکتا ۔ورلڈ بینک کے جائزے کے مطابق ریلویز میں اپ گریڈ سسٹم کو چلانے میں انسانی صلاحیتو ں اور مہارت کی نئے منظر نامے میں انتہائی ضرورت ہو گی ۔ ورلڈ بینک نے تخمینی لاگت کو مناسب قرار دیا ۔ 
تازہ ترین