• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، کورونا سے 5 ایس ایس پیز سمیت 425 متاثر، مزید 2 اہلکاروں کا انتقال

کورونا وائرس سے متاثر سندھ پولیس کے مزید دو اہلکار انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد اس عالمی وبا سے جاں بحق صوبہ سندھ کے پولیس افسران اور ملزمان کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ 5 اعلیٰ پولیس افسران سمیت فرنٹ لائن فائٹرز فورس کے کورونا وائرس کا شکار ملازمان کی تعداد 425 ہوگئی ہے۔

 ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق ان کے دفتر کے احاطے میں واقع سی پی ایل سی آفس میں تعینات وائرلیس آپریٹر ہیڈ کانسٹیبل سید حسن رضا کو کئی دن سے کورونا وائرس کی علامتیں ظاہر ہورہی تھیں، جنہوں نے یکم جون کو نارتھ ناظم آباد کے ضیاء الدین اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق بفرزون کے رہائشی حسن رضا کو منگل 2 جون کو کورونا وائرس کی رپورٹ ملی جس میں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہ علاج کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔ 

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ان کے ڈسٹرکٹ میں ہی ڈیوٹی کے لیے آئے ہوئے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے کمانڈو راشد بھی کورونا وائرس کے باعث بدھ کی صبح انتقال کر گئے، پولیس کمانڈو راشد کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران فیلڈ کی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔

پولیس ذرائع سے ملنے والے سندھ پولیس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کی دوپہر تک صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر پولیس ملازمان کی تعداد 425 ہوگئی ہے جن میں سے 133 پولیس افسران اور اہلکار اس عالمی وبا سے صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 8 پولیس ملازمان اس انتقال کرچکے ہیں۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق سندھ کے 5 سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 269 پولیس ملازمان ابھی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں جو مختلف اسپتالوں، میڈیکل سنٹرز یا اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔ 

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کا شکار پولیس ملازمان کی سب سے زیادہ تعداد 251 کراچی پولیس میں ہے۔ 

کراچی پولیس چیف کے مطابق کراچی کا کورنگی ضلع اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پولیس کے ضلعی سربراہ سمیت 80 سے زیادہ زائد پولیس ملازمان کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کورنگی کے شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او سمیت 22 پولیس ملازمان کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں اور ان تمام ملازمان کو آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین