• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت آگ سے نہ کھیلے، نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے، ترجمان پاک فوج

بھارت آگ سے نہ کھیلے، نتائج ناقابل کنٹرول ہوں گے، ترجمان پاک فوج


ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت آگ سے نہ کھیلے، کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کے سنگین نتائج ہوں گے جو قابو میں نہیں رہیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خطے میں تمام دیرینہ معاملات کا تعلق بھارت کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے ان ممالک میں بھی مداخلت کر رہا ہے جن سے اس کی سرحدیں نہیں ملتیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے لیے جواب ہے کہ ہم تیار ہیں اور بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور طاقت سے جواب کا مظاہرہ بھارت نے پچھلے سال دیکھ لیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت ہم پر لانچ پیڈ کا الزام لگاتا ہے، تاہم اس پر یو این مبصر گروپ کو مکمل آزادی ہے پاکستان سائیڈ پر جہاں چاہیں آجا سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عالمی میڈیا کو کئی بار ان علاقوں میں لے کر بھی جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کسی قسم کی رسائی سے انکار نہیں کیا، بھارت بھی اپنی طرف یو این مبصر گروپ اور عالمی میڈیا کو رسائی دے تو چیزیں بہت کلیئر ہوجائیں گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کو سمجھنےکی ضرورت ہے کہ کسی بھی فوجی مہم جوئی کے سنگین نتائج ہوں گے جو قابو میں نہیں رہیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کو واضح طور پر کہا کہ ’آگ سے نہ کھیلے۔‘

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پلواما ٹو کا ڈرامہ بھی کرلیا، ساری کارروائیوں کا مقصد یہ ہے کہ بھارت مہم جوئی کے لیے ایک اسٹیج تیار کررہا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ  ہمارے وزيراعظم اور آرمی چیف بہت پہلے سے کہہ چکے ہیں کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرنے کا پلان بنا رہا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کو، چين، نیپال، معیشت اور کورونا سمیت کئی محاذوں پر ہزیمت کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی اس کے اقدامات بیک فائر کرگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بھارتی قیادت اندرونی و بیرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا ذریعہ پاکستان کیخلاف مہم جوئی کو سمجھتی ہے۔

تازہ ترین