ایرانی سائنسدان کی امریکی قید سے رہائی کے بعد ایران نے امریکی فوجی آزاد کردیا، روایتی حریف ملکوں ایران اور امریکا نے دونوں کی رہائی کسی معاہدے کے نتیجے میں ہونے سے انکار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی نیوی اہلکار مائیکل وائٹ کی رہائی ایرانی سائنسدان سائرس اصغری کی رہائی کے بعد عمل میں آئی ہے۔
امریکی نیوی اہلکار مائیکل وائٹ کو دو سال پہلے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنی ایرانی دوست سے ملنے ایران پہنچا تھا۔ اس پر سوشل میڈیا پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی توہین کا الزام تھا۔
ادھر ایرانی سائنسدان سائرس اصغری کو چار سال قبل اس وقت امریکی حکام نے گرفتار کیا جب وہ ایک تدریسی دورے پر اوہایو پہنچا تھا۔ اس پر امریکی راز چرانے کا الزام لگایا تھا۔
مائیکل وائٹ پچھلے کچھ عرصے سے کورونا کے مرض کا شکار ہو کر ایران میں زیر علاج تھا۔ایرانی سائنسدان پچھلے سال امریکی عدالت سے بری ہوچکا تھا تاہم امیگریشن حکام نے بدستور اسے اپنی تحویل میں رکھا ہوا تھا۔