• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، آن لائن کلاسز، سیمسٹر، امتحانات و دیگر سفارشات کی منظوری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت اکیڈمک کونسل کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں رئوسائے کلیہ جات سمیت 86 ممبران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں کوروناوائرس کی وجہ سے درپیش صورتحال کے تناظر میں پیش کی جانے والی آن لائن کلاسز،سیمسٹر،امتحانات و دیگر سفارشات کی منظوری دی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایچ ای سی کی ہدایت اور اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ کی ہر فیکلٹی سے3 سے5 اساتذہ کی بطور ماسٹر ٹرینر نشاندہی کرے گی جن کی ذمے اپنی فیکلٹی کے دیگر اساتذہ کی ٹریننگ ہوگا۔ رئیس کلیہ اپنی فیکلٹی سے ماسٹر ٹرینر نامزد کرینگے اور ان کی جانب سے دیگر اساتذہ کو فراہم کردہ تربیت کی بھی نگرانی کرینگے۔رئوسائے کلیہ جات کے دفاتر اساتذہ کی معاونت کا مرکز ہونگے جبکہ رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان اساتذہ کی آن لائن کلاسز کے دوران سرقہ نویسی اور کاپی رائٹ کے مسائل پر رہنما ئی کرینگے۔ تمام آن لائن کلاسز اور اسائنمنٹ جمع کرانے کا عمل منظور شدہ کورس آئوٹ لائن کے مطابق15 جولائی 2020تک جاری رہے گاجبکہ لیب اورپریکٹیکل سیشن کے متبادل بھی آن لائن کلاس کا انعقاد کیا جاسکے گا۔ اساتذہ اپنے گھر سے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرسکیں گے اور کسی پریشانی کی صورت میں وہ اپنے دفاتر،کلاس رومز یا رئیس کلیہ کے میٹنگ رومز کا استعمال کرسکیں گے۔ ہر شعبہ15جولائی تک ایک شعبہ جاتی طلبہ جانچ کمیٹی قائم کرے گا۔

تازہ ترین