• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طاقتور کی تجوریاں بھر کر احتساب کا ڈراما نہ کریں، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ طاقتور اے ٹی ایمز کو جہاز کے ذریعے بھگا کر خود احتسابی کا درس دیا جارہا ہے، طاقتور کی تجوریاں بھر کر احتساب کا ڈراما نہ کریں۔

شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شوگر کمیشن رپورٹ نے عمران صاحب، بزدار صاحب کو گرفتار کرنے کی تاریخ نہیں بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایمز کو بھگا کر عمران صاحب نے انکوائری نیب نیازی گٹھ جوڑ کے حوالے کردی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب، طاقتوروں کی تجوریاں بھر کے احتساب کا ڈرامہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ چینی بحران میں صرف عمران صاحب ملوث ہیں، عوام کی چینی چوری کر کے زمان پارک کا گھر بنا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ تاریخی چینی چور عمران مافیا شور مچا کر بچ نہیں سکتا، ‎تاریخی چینی چوری کے بعد جھوٹ بول کر اب احتساب کا نعرہ نہیں لگایا جا سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے چینی چوری کے فیصلوں کی منظوری دیکر عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ چینی چوری کمیشن میں مرکزی ملزم عمران خان کیوں پیش نہیں ہوئے؟

انہوں نے مزید کہا کہ  چینی چوری کی وجہ سے عوام آج 90 روپے کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب بتائیں کہ چینی کی قیمت 52 روپے سے 90 روپے کیوں ہوئی؟ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باوجود چینی پر سبسڈی کیوں دی؟ اس کا جواب دیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا مستقبل، معیشت، روزگار داؤ پر لگانے والے خود احتسابی کا نعرہ لگا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شوگر ‎کمیشن بنانے کا مقصد ہی وزیراعظم عمران اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بچانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہہ چکے ہیں کہ اُن کے اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے۔

تازہ ترین