• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی،بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن واپسی کا مطالبہ

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ممبران اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک پا کستانیوں کو فوری طور پر وطن واپس لایا جا ئے ۔ یہ مطالبہ پیر کے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیا گیا‘وفاقی وزیر مراد سعیدنےبتایا کہ ایک لاکھ بائیس ہزار سات سو پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں، 35 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں۔ پر وازوں کی تعداد میں ا ضافہ کیا جا ر ہا ہے۔ا حسن اقبال نے کہا کہ یو اے ای اور دیگر ممالک میں ہزاروں پاکستانی بے یارومددگار بھوکے پیا سے سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہزاروں اوورسیز پا کستانی بیروزگار ہو چکے ہیں، پرویز اشرف نے کہا کہ یہ سیریس مسئلہ ہے حکومت انہیں واپس لائے۔ مو لانا عبد الواسع نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے بیرون ملک پھنسے پا کستانی واپس لائے جائیں ۔ محسن داوڑ نے کہا کہ پی آئی اے نے ٹکٹ تین گنا مہنگاکر دیا ہے‘اختر مینگل نے کہا کہ فضائی آپریشن میں بلوچستان ایک بھی فلائٹ یو اے ای یا مسقط یا سعودی عرب سے نہیں آئی،وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا کہ بدھ کو کراچی طیارہ حادثے اور بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کروں گا‘ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بلوچستان کے بیرون ملک پھنسے پا کستانیوں کیلئے براہ راست پروازیں چلانے کی ہدایت کی ۔بعد ازاں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر فخر امام نے کہا ہے کہ انسداد ٹڈی دل کی کارروائی میں استعمال کے لئے چھ نئے جہاز خریدنے کی منظوری دیدی گئی ہے‘پاک فوج نے اس مقصد کے لئے پہلے ہی پانچ ہیلی کاپٹرز فراہم کر دیئے ہیں‘چین نے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لئے جراثیم کش ادویات اور اسپرے سمیت پاکستان کو انچاس لاکھ ڈالر کی امداد دی ہے۔
تازہ ترین