کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) ملک میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی جاری ہے، کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پیر کو کورونا کے باعث 107؍ جاں بحق ہوگئے جو اب تک ایک دن میں ہلاکتوں کے اعتبار سے نیا ریکارڈ ہے، جبکہ 4524 نئے کیسز کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد 107845 تک پہنچ گئی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب کی والدہ، جے پرکاش، پنجاب کے وزیر سمیت کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے،جبکہ بلوچستان کے سابق وزیر سردار در محمد ناصر کورونا وائرس سے انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 107 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2171 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 107845 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک پنجاب میں کورونا سے 773 اور سندھ میں 679 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 587 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 58، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 705833؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ کل 34355؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پیر کو ملک بھر سے کورونا کے 4524 کیسز اور 107 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے سندھ میں 1447 کیسز اور 29 اموات، پنجاب سے 1916 کیسز اور 58 اموات، خیبر پختونخوا سے 519 کیسز اور 12 ہلاکتیں، بلوچتسان سے 272 کیسز 4 ہلاکتیں، گلگت بلتستان سے 20 کیسز ایک ہلاکت اور اسلام آباد سے 350 کیسز اور 3 اموات سامنے آئی ہیں۔
پیر کو سندھ میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 679 ہوگئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1447 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جسکے بعد مریضوں کی تعداد 39555 تک جا پہنچی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ صوبے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 19137 ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 435 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 83 وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے کے 1447 کیسز میں سے 963 کا تعلق کراچی سے ہے۔
ان میں 284 ضلع شرقی ، 237 ضلع وسطی ، ضلع جنوبی 214، ضلع ملیر 130 ، ضلع کورنگی 63 اور ضلع غربی کے 35 مریض شامل ہیں۔ پیر کو پنجاب میں مہلک وائرس کے باعث مزید 58 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 773 ہوگئی۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1916 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 40819 تک جاپہنچی ہے۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8294 ہے۔