• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیند چمکانے کیلئے تھوک پر پابندی، نیوٹرل امپائرز کی شرط ختم، کرکٹ میں عارضی تبدیلیوں کی منظوری

گیند چمکانے کیلئے تھوک پر پابندی، نیوٹرل امپائرز کی شرط ختم


کراچی(اسٹاف رپورٹر) تین ماہ سے پرانے میچوں کی جھلکیاں دیکھنے والے کرکٹ شائقین کیلئے براہ راست ایکشن کیلئے کمر کس لیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے انگلینڈ پہنچ گئی ۔ کورونا وبا کے پیش نظر آئی سی سی نے منگل کو پلیئنگ کنڈیشنز میں عارضی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے ممکنہ طور پر ان تبدیلیوں پر عمل درآمد انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز سے ہوگا۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ز کمیٹی نے کرکٹ کمیٹی کی تمام سفارشات کو منظور کرلیا ہے۔ ٹیسٹ میچز میں دوران میچ ٹیمیں کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اس کھلاڑی کی جگہ متبادل کھلاڑی حاصل کرسکیں گی ، آئی سی سی کوویڈ ری پلیسمنٹ ٹیسٹ کے دوران کسی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہوگا ۔ آئی سی سی نے بولرز کے گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ابتدا میں امپائرز کھلاڑیوں کو ایڈجسٹ ہونے میں مدد کیلئے نرمی کا مظاہرہ کریں گے، بعد کے میچز میں اگر گیند پر تھوک لگایا گیا تو وارننگ جاری کی جائےگی۔ دوسری وارننگ کے بعد جرمانے کے پانچ رنز حریف ٹیم کو ملیں گے۔ انٹرنیشنل میچوں میں نیوٹرل امپائرز کی شرط عارضی طور پر ختم کردی گئی ہے۔ انٹر نیشنل امپائروں کو فلائٹ کے شیڈول کی وجہ سے سفر کرنے میں مشکلات ہیں۔ اس لئے مقامی امپائرز کا تقرر آئی سی سی کرے گی۔ انٹرنیشنل میچوں میں ٹیموں کو فی اننگز اضافی ری ویو بھی مل گیا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں تین اور ون ڈے میں دو اضافی ری ویو حاصل ہوں گے۔ساتھ آئندہ بارہ ماہ کے دوران کھلاڑیوں کی شرٹ یا سویٹر پر ایک اضافی اسپانسرز لوگو لگانے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

تازہ ترین