اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے قومی اسمبلی سے خطاب کو سرکاری ٹیلی ویژن پر بلیک آوٹ کرنے کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسپیکر قومی ا سمبلی ایاز صادق کو خط لکھا ہے جس میں اپوزیشن کی تقاریر سرکاری ٹی وی پر نہ دکھانے پر اسپیکر سے شدید احتجاج کیا گیا ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی لکھے گئے خط میں خورشید شاہ نے موقف اختیار کیا کہ سرکاری ٹی وی زیادہ تر حکومتی نقطہ نظر ہی پیش کرتا ہے اور اپوزیشن بینچوں کو کوریج نہیں دی جاتی ، میں نے یہ معاملہ 16فروری 2016 کو بھی قومی اسمبلی میں اٹھایا تھا جبکہ اسپیکر کے پاس ہونے والی میٹنگ میں وزیراطلاعات پرویز رشید نے یقین دلایا تھا کہ آئندہ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ سات اپریل کو پناما لیکس کے اہم معاملے پر اپوزیشن رہنمائوں کی تقاریر کا مکمل بلیک آوٹ کیا گیا ،سرکاری ٹی وی قومی ٹیلی ویژن ہے اسے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر تما م عوامی نمائندوں کا نقطہ نظر دکھانا چاہیے ، خط کے متن میں مزید کہا گیاکہ بطور اسپیکر آپ اس ایوان کے کسٹوڈین ہیں لہذاسرکاری ٹی وی کے اس امتیازی رویے کا نوٹس لیں ، قومی اسمبلی کی کارروائی انٹرنیٹ پر براہ راست دکھانے کے لے آن لائن اسٹریمنگ شروع کی جائے تاکہ لوگ اپنے نمائندوں کا نقطہ نظر جان سکیں۔