لاہور کی عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہرجانے اور ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت پھر ملتوی ہوگئی۔
وزیراعظم کے وکیل کی درخواست پر 10 ارب مالیت ہر جانے کے دعوے کی سماعت 17 جون تک ملتوی کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے عدالت سے مقدمے کی روزانہ بنیادوں پر سماعت کرنے کی درخواست کی تھی۔
لیگی صدر کی درخواست پر عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو مقدمے کی پیروی کے لیے 10 جون کا نوٹس جاری کیا تھا۔
عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے وکیل کو ایک ہفتے میں وکالت نامہ اور شہباز شریف کی پٹیشنز پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
شہبازشریف کا درخواست میں موقف تھا کہ 3 سال سے جاری مقدمے میں عمران خان نے تحریری جواب تک جمع نہیں کروایا۔
لیگی صدر کا موقف تھا کہ 60 سماعتوں میں 33 مرتبہ عمران خان التوا لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 4 جون کو التوا کی درخواست میں ڈاکٹر بابر اعوان نے کورونا کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہور نہ آسکنے کا عذر پیش کیا تھا۔
شہبازشریف نے درخواست کی تھی کہ ڈاکٹر بابر اعوان 8 اپریل کو مشیر اور وزیر پارلیمانی امور مقرر ہوچکے ہیں، مقدمے کی پیروی نہیں کرسکتے۔