راولپنڈی (نمائندہ جنگ)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اوورسیز پاکستانیوں کی واپسی پر شہباز شریف کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہباز شریف کی بے تکی بیان بازی ڈرائنگ روم سیاست کا عملی نمونہ بن چکی ہے، حقائق کی موجودگی کے باوجود شہباز شریف کی حکومت پر تنقید ہوا میں تیر چلانے کے مترادف ہے۔ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک واپس لانے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کر رہی ہے، یو اے ای سے 10500 پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 46 اسپیشل فلائٹس چلائی جا رہی ہیں اور 15جون تک یو اے ای سے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا، حال ہی میں جدہ سے 287اور بغداد سے 248 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے، انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی دستیابی کے تحت دیگر ممالک سے بھی پاکستانیوں کی واپسی جاری ہے اوربیرونِ ملک ہمارے سفارتخانے اپنے ہم وطنوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں،پاکستان میں لینڈ ہونیوالی ہر فلائٹ کے مسافرکا ٹیسٹ کیا جاتا ہے اورآنیوالے مسافر ہمارے سفارتخانوں اور ایئر پورٹس پر سٹاف اور افسران کے پیشہ ورانہ رویے کے معترف ہیں، ٹکٹوں کی بلیک میں زائد قیمتوں پر فروخت کا پراپیگنڈہ بھی متعدد مسافروں کی گواہیوں کے بعد دم توڑ گیااورکوئی بھی پرائیویٹ ٹریول ایجنسی یا ایجنٹ پی آئی اے کی ٹکٹ بیچنے کی مجاز نہیں ہے، مسافروں سے التماس ہے کہ وہ سفارتخانے سے تصدیقی کال آنے پر بذات خود اپنی ٹکٹ کی قیمت ادا کریں۔