• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکٹیمرا انجکشن ہر کورونا مریض کو نہیں لگایا جا سکتا، ترجمان پنجاب حکومت

پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید کا کہنا ہے کہ ایکٹیمرا انجکشن ہر کورونا وائرس کے مریض کو نہیں لگایا جا سکتا۔

حکومتِ پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ کوئی اسپتال براہِ راست ایکٹیمرا انجکشن خود کسی کورونا مریض کو نہیں لگا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی اسپتال محکمۂ صحت کو کورونا مریض کی تفصیلات دے گا جس پر بورڈ ایکٹیمرا انجکشن لگانے کا فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب، آرتھرائٹس کے انجکشن سے کورونا مریض صحتیاب

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید نے یہ بھی کہا ہے کہ بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں محکمۂ صحت ایکٹیمرا انجکشن مریض کو مفت میں لگائے گا۔

واضح رہے کہ ایکٹیمرا انجکشن آرتھرائٹس کے مریضوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے آرتھرائٹس کے انجکشنز سے پہلے بھی کورونا مریضوں کے علاج کا دعویٰ سامنے آ چکا ہے۔

وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا تھا کہ کورونا کے مریضوں پر آرتھرائٹس کے انجکشن کے استعمال سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اب تک متعدد مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے شدید حملے کے نتیجے میں یہ انجکشن 24 گھنٹوں میں 2 بار لگایا جاتا ہے، 2 انجکشنز کی قیمت 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے قریب ہے۔

وزیرِ صحت پنجاب نے یہ بھی بتایا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں یہ انجکشن دستیاب ہیں اور مریضوں کو حکومت کی جانب سےمفت دیئے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: مسرت جمشید 3 ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دیں گی

کورونا ایڈوئزری کمیٹی پنجاب کے وائس چیئرمین ڈاکٹر اسد اسلم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مختلف اسپتالوں میں اس انجکشن کا ٹرائل جاری ہے، جبکہ متعدد مریضوں کو یہ انجکشن دے کر وینٹی لیٹر پر جانے سے بچایا جا چکا ہے۔

تازہ ترین