لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکارہوگئےجس کے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے ۔ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا تھا جس کا رزلٹ گزشتہ شب 12 بجکر 58 منٹ پر موصول ہوا۔شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 10 جون دن 3 بجکر 56 منٹ پر ہوا تھا اور نجی لیبارٹری کی ٹیم نے شہباز شریف کے گھر جا کر ہوم سیمپلنگ سروس کے تحت ان کے نمونے لیے تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹرز میں پیشی کے بعد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔انکے مطابق شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کے کورونا سے متاثر ہونے کے ذمہ دار عمران نیازی اور چیئرمین نیب ہیں ۔شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہبازنے کہا کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا ہے۔