• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں دین ڈراموں اور فلموں سے نہیں سیکھتا : شان شاہد

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد نے ایک بار پھر ترکش سیریز دیرلیش ارطغرل یا ارطغرل غازی پر ایک بار پھر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ وہ دین ڈراموں اور فلموں سے نہیں سیکھتے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ٹوئٹ میں شان شاہد کا کہنا تھا کہ وہ دین ڈراموں اور فلموں سے نہیں سیکھتے بلکہ اُن کی والدہ نے انہیں دین کی باتیں سکھائی ہیں۔

شان شاہد نے یہ بات ایک تنقیدی ٹوئٹ کے جواب میں صارف کو کہی، صدف خان نامی صارف نے شان کی سرکاری ٹی وی پر غیر ملکی مواد کو نشر کرنے کی مخالفت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شان کو اس ڈرامے پر اعتراض ہے۔

ٹوئٹ میں ’ارطغرل غازی‘ کا مرکزی کردار کے وضو کرتے وقت کی ویڈیو منسلک کرتے ہوئے صارف نے لکھا کہ شان کیلئے پیغام ہے کہ وہ مولوی سے نہ سہی اس ویڈیو کلپ سے ہی وضو کرنا سیکھ لیں۔

شان نے بھی اپنے اوپر کی گئی تنقیدی ٹوئٹ کو نظر انداز نہ کیا اور کرارا جواب دے ڈالا۔

شان نے لکھا کہ میں ڈراموں اور فلموں سے دین نہیں سیکھتا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ وضو کرنے والا شخص ایک تُرک اداکار ہے اور پیسوں کیلئے وضو کررہا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کی ہدایت پر یکم رمضان سے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر ہونے والی ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے سخت مخالف ہیں، ناصرف شان بلکہ دیگر شوبز ستاروں نے بھی سرکاری ٹی وی پر غیر ملکی مواد کے نشر کئے جانے پر مخالفت میں آواز بلند کی تھی۔

تازہ ترین