وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا حفاظتی اقدامات سے کورونا پر قابو پایا جاسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو کورونا کیسز کی تعداد جولائی کے آخر تک 10 سے 12 لاکھ کیسز ہوسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ماہرین کہتے کہ ہیں جولائی کے آخر تک کورونا کیسز میں 8 سے 10 گنا تک اضافہ ہوسکتا ہے، جون کے آخر تک کورونا مریضوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچنے کاخدشہ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ موجودہ صورتحال برقرار رہی تو جولائی کے آخر تک تعداد 10 لاکھ سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، حکومت شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ حکومت کورونا صورتحال میں غریبوں کی مدد کرنے میں کامیاب ہوئی، حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے وہاں پابندیاں لگائی جائیں گی، جن علاقوں میں کورونا کیسز زیادہ ہوں گے ادھر ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں گے، کورونا کو پھیلنا تو ہے لیکن اس کی رفتار کم کرنی ہے تاکہ صحت کا نظام دباؤ میں نہ آئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ و دیگر بڑے شہروں میں پنجاب حکومت کی معاونت کریں گے، سندھ اور پنجاب میں 500 بیڈز، کے پی میں 400 آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیا جائیگا۔
اسد عمر نے کہا کہ 2 دن سے کورونا کے 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ ہو رہے ہیں، آئندہ کچھ دنوں میں کوروناٹیسٹ کی صلاحیت روزانہ ڈیڑھ لاکھ تک لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کورونا کا پھیلاؤ نہ روکا تو ہمارا صحت کا نظام مفلوج ہوسکتا ہے۔