اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کےمعاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نےشہباز شریف کی بجٹ تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کوئی شہباز شریف کو بتائے کہ صحت کا بجٹ کہ آپ کے دور سے دگنا ہوچکا ہے، انہیں ہوش میں لائیں، پٹرول کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہو چکی ہیں، ن لیگ اپنے دور میں کوئی ایک سرکاری ادارہ ٹھیک نہ کر سکی، یہی بات اپوزیشن کو حیران کر رہی ہے کہ ان حالاتمیں ایسا بجٹ کیسے آ گیا،اگر بجٹ پڑھا ہوتا تو پوچھنا نہ پڑتا کہ معاشی تحریک کے اقدامات کہاں ہیں، وزیراعظم کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے، ان کا وژن ہے کہ سرکاری ملازمین کو اچھی تنخواہ ملنی چاہیے، حالات کے بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔علاوہ ازیں شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزرائے اعظم کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک دوروں پر اپنے پورے خاندان، پوتے نواسے لیکر جانے والوں اور غریب عوام کے وزیراعظم کے اخراجات میں فرق ہے ، وزیراعظم عمران خان کے دورہ ڈیوس پر 68 ہزار ڈالرز جبکہ یوسف رضا گیلانی نے 4 لاکھ 59 ہزار ڈالرز،نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز،شاہد خاقان عباسی نے 5 لاکھ 61 ہزار ڈالرز خرچ کئے ،واشنگٹن کے دورہ پر عمران خان نے 67 ہزار 180 ڈالرز،نواز شریف نے 5 لاکھ 50 ہزار ڈالرز،آصف زرداری نے 7 لاکھ 53 ہزار ڈالرز خرچ کئے ،اسی طرح نیویارک کے دورہ پرعمران خان نے ایک لاکھ 62 ہزار 578 ڈالرز،آصف زرداری نے 13 لاکھ 9 ہزار 620 ڈالرز،نواز شریف نے 11 لاکھ 13 ہزار 142 ڈالرزاورشاہد خاقان عباسی نے7 لاکھ 6 ہزار ڈالرز خرچ کئے۔