• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ کا میچ فکسنگ کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ، دوسرا ایشیائی ملک بن جائے گا

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) طویل سوچ بچار اور ہوم ورک کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ فکسنگ سے متعلق قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے قانون کے مسودے کو پیر کو وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردیا گیا ہے۔ پاکستان دنیا کے ان ملکوں میں شامل ہے جہاں اوپر تلے کرکٹ کرپشن کے واقعات تسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں۔ نئے قانون کے تحت پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو سٹے بازوں اور کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا اختیار ہوگا ان کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کئے جاسکیں گے۔ توقع ہے مسودہ کھیلوں کی وزارت کے توسط سے وزارت قانون کے پاس حتمی منظوری کے لئے جائے گا۔ پاکستان سری لنکا کے بعد سٹےبازی کے خلاف باقاعدہ قانون بنانے والا دوسرا ایشیائی ملک بن جائے گا ۔ پی سی بی کے وکلاء نے اس مسودے میں جرم کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے سزائیں مقرر کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے اس کے اہم نکات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے احسان مانی کی یہ ہر تین ماہ بعد ہونے والی معمول کی میٹنگ تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے اس قانونی مسودے کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیڑھ سال سے زیر التوا جنرل کونسل میٹنگ آئندہ ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سال نئے آئین پر عمل درآمد کے بعد یہ پہلا جنرل کونسل اجلاس ہوگا۔ کورونا کی وجہ سے یہ میٹنگ ویڈیو لنک پر ہوگی۔ چیئرمین احسان مانی کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں کئی اور امور کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے معاملات پر بھی بات ہوگی۔ جنرل کونس میٹنگ آئینی ذمے داری ہے۔ ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کے بعد سے جنرل کونسل میٹنگ نہیں ہوسکی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فرنچائز کی جانب سے جو ای میل ملی ہے اس میں کہا گیا ہے ڈالرز کا ریٹ138سے کم کیا جائے لیکن پی سی بی نے موجودہ حالات میں ڈالرز کا ریٹ کم کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس سے قبل پی سی بی نے اپنی پانچ سالہ حکمت عملی جاری کرچکا ہے جس میں احتساب، شفافیت، اصولوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا کردار کلیدی ہوگا۔ اس پانچ سالہ پروگرام پر جنرل کونسل کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

تازہ ترین