جنوبی پنجاب کے بڑے شہر ملتان کے 3 علاقوں میں گزشتہ رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق لاک ڈاؤن ملتان کے علاقوں شاہ رکنِ عالم کالونی کے ایچ اور ڈی بلاک میں نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ نیو ملتان کالونی کے وی اور وائی بلاک اور ایم ڈی اے چوک کے نزدیکی علاقے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر سیل کر دیئے گئے ہیں۔
ملتان کے ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام مارکیٹیں اور دکانیں بند رہیں گی۔
غیر ضروری آمد و رفت کی اجازت نہیں ہو گی، مکین انتہائی اشد ضرورت کے تحت ہی گھروں سے نکل سکیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان علاقوں میں کریانہ اسٹور، گوشت، دودھ، سبزی کی دکانیں اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی اجازت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیئے: حیدرآباد کے 90 علاقوں میں جمعے سے لاک ڈاؤن ہوگا
واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی لاپروائی اور غیر محتاط رویے کے باعث پاکستان میں ناصرف کورونا کیسز کی تعداد میں بلکہ اس سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کورونا مریضوں کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 118 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 93 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 97 ہزار 810 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 59 ہزار 215 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ادھر پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 60 ہزار 138 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 202 ہو گئی ہیں۔