اسلام آباد (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پرقابض بھارتی افواج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ہمسایوں کیخلاف سازشیں امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں،خطے کے دیگر ممالک کو مل کر بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہئے، چین، پاکستان، نیپال، افغانستان اور خطے کے دیگر ممالک بھارتی دہشت گردی اور جارحیت کا نشانہ ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کو مل کر بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہئے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ’ایل۔او۔سی‘ اورچین کے ساتھ ’ایل۔اے۔سی‘ بھارتی جارحیت اور جنگی جنون کا نشانہ ہیں۔ بھارت کی اپنے ہمسایوں کے خلاف جنگ وجدل اور سازشیں خطے اور عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔چین سے مار کھانے کا غصہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر اور ’ایل۔او۔سی‘ کے بے گناہ شہریوں پر نکال رہا ہے ۔