کراچی کے 6 اضلاع کے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن دوسرے دن بھی جاری رہا۔
شہر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ضوابط ہر علاقے میں مختلف نظر آئے ہیں، کہیں علاقے کو رکاوٹوں سے سیل کیا تو کہیں ایک پولیس موبائل سے ہی کام چلایا گیا۔
نارتھ کراچی کے سیکٹر الیون ای کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا، جسے رکاوٹیں لگا کر سیل کیا گیا اور یہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی نفری موجود ہے۔
اس علاقے میں میڈیکل اسٹور اور اشیاء ضروریہ کے علاوہ ہر طرح کی دکانیں بند ہیں، لوگوں کو بھی بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے روک دیا گیا ہے۔
جتنی رکاوٹیں قانون نافذ کرنے والوں کو ملی وہ انہوں نے لگادی ہیں، ساتھ ہی نجی گاڑیوں کو کھڑا کر کے بھی راستے بند کیے گئے ہیں، سختی کے باوجود علاقے میں من چلے کھڑے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
واٹر پمپ انارکلی مارکیٹ پر اتنے سخت انتظامات نہیں کیے گئے، وہاں صرف ایک موبائل گاڑی کھڑی کردی گئی ہےتاکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا تاثر برقرار رہے۔
ان دو علاقوں کے جائزے سے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی دو الگ تصاویر ابھر کر سامنے آرہی ہیں۔
لاک ڈاؤن والے علاقے
کراچی کے علاقے قیوم آباد، لانڈھی چھتیس بی، ماڈل کالونی، الفلاح، ملیر ہالٹ، معین آباد، کینٹ بازار، بزرٹا لین، کھارادر، لی مارکیٹ، صدر، برنس روڈ، اردو بازار، آگرہ تاج، بہار کالونی میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔
خیابان محافظ، خیابان بدر، بہادر آباد، محمد علی سوسائٹی، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال بلاک 7، 13 ڈی، 14، 15 اور 11، گلستان جوہر بلاک 2 اور 13 اور صفورا گوٹھ بھی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ طارق روڈ، مارٹن کوارٹرز، فاطمہ جناح کالونی، جہانگیر روڈ، تین ہٹی، سولجربازار، سعید آباد، کیٹل کالونی، گلشن حدید، جعفر طیار، قائد آباد، گلشن معمار، گلبرگ اور نارتھ کراچی کے بعض علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن ہے۔