بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار اور پاکستان میں پوپ گلوکاری کے بانی عالمگیر نے موت کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیریت سے ہیں، پرستاروں سے دعاؤں کی اپیل ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار عالمگیر کے انتقال کر جانے کی افواہیں گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں، گردش کرنے والی افواہوں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ امریکا میں مقیم گلوکار عالمگیر دارِ فانی سے کوچ کرگئے ہیں۔
عالمگیر کی موت کی افواہ دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی تھی اور ان کے چاہنے والے تشویش میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم اب انہوں نے ان تمام افواہوں کی تردید اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر عالمگیر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ میں بالکل ٹھیک اورخیریت سے ہوں، سب چاہنے والوں سے صحت کی دعا کی اپیل ہے۔
انہوں نے لکھا کہ موت سے متعلق غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں، گلوکار کا کہنا تھا کہ کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلنے کی وجہ سے دنیا بھر سے انہیں فون کالز موصول ہورہی ہیں۔
پوپ سنگر عالمگیر کا کہنا تھا کہ میں نے 5 سال کینیڈا میں ڈائیلاسز کروایا، اب پاکستان میں ہوں اور کراچی کے نجی اسپتال سے ڈائیلاسز کروارہا ہوں۔
یاد رہے کہ اس پیغام سے قبل سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عالمگیر سے بات کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اپنی طبیعت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کررہے تھے۔