• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی خدمت صرف بیانات کی حد تک محدود ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعیدکہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کا خاندان، شریف فیملی کوئی ایسا اسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہو سکے، بلاول بھٹو کی خدمت صرف بیانات کی حد تک محدود ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آج پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت پر کڑی تنقید پر وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے اسلام آباد میں جوابی پریس کانفرنس کر کے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پورے ملک کے وزیرِاعظم ہیں، جب بھی عوام کو ضرورت ہو گی عمران خان زخموں پر مرہم رکھنے ضرور پہنچیں گے۔

مراد سعید نے کہاکہ وزیرِ اعظم عمران خان لاڑکانہ میں احساس ایمرجنسی کیش سینٹر کا دورہ کرنے گئے، جبکہ بلاول جس حلقے سے منتخب ہوئے وہ آج بھی پسماند ہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو خوش ہونا چاہیے تھا کہ عمران خان غریبوں کے زخموں پر مرہم رکھ رہا ہے، وزیرِ اعظم کو احساس تھا اسی لیے احساس ایمرجنسی کیش کا آغاز کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ نے نہ خود کچھ کرنا ہے نہ دوسروں کو کرنے دینا ہے، ایشوز حل ہونے کی کوشش کی جاتی ہے تو بلاول اس پر سیاست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں وفاق کے نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت عوام کی خدمت کر رہے ہیں ، سندھ میں جہاں ٹڈی دل کا حملہ ہوا وہاں گاڑیاں ہڑپ کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔

مراد سعید کا یہ بھی کہنا ہے کہ کہا گیا کہ ٹڈی دل کا خاتمہ کرنے کے لیے مزید بڑی بڑی گاڑیاں خریدی جائیں گی، سندھ میں کسان اور فصلوں کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹڈیوں کے حملے کی وجہ سے سندھ میں چھوٹے کسانوں کا نقصان ہورہاہے، ہم نے ایمرجنسی بنیادوں پر ٹڈیوں کے تدارک کے لیے اقدامات کیے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ بنا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کےزخم پر مرہم نہیں رکھا، غریب اور مزدور طبقے کی بحالی وزیرِ اعظم کی اولین ترجیح اور ملک سے غربت کا خاتمہ مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی میں تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا جاتا ہے، این سی او سی میں تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

بلاول بھٹو بھاشن کے بجائے سندھ کے راشن کا حساب دیں، مراد سعید

مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا چیلنج قبول کرتاہوں اور انہیں خیبر پختون خوا آنے کی دعوت دیتا ہوں، میں خود بھی سندھ آؤں گا اور اسپتالوں کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سیاسی نہیں لوگوں کی خدمت کا پروگرام ہے، تھر میں پانی کی قلت اور بھوک کی وجہ سے بچے مر رہے ہیں، یہ سیاست نہیں انسانیت کی بات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرکے لوگوں کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا تو ہم نے کیا، تھر، لاڑکانہ، حیدر آباد اور کراچی میں لاک ڈاؤن میں لوگ برتن اٹھا کر سڑکوں پر آگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھوک کی وجہ سے 5 سال میں 6 ہزار اموات ہوچکی ہیں، تھر میں پانی کی قلت کی وجہ سے اموات ہو رہی ہیں، سندھ حکومت اس کا جواب نہیں دے رہی۔

مراد سعید کا مزید کہنا ہے کہ آج ملک میں وینٹی لیٹرز کی تعداد دو گنا ہونے جا رہی ہے، وزارتِ خزانہ وضاحت کر چکی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ کو فنڈز دیے جا چکے ہیں، بلاول تھر میں اموات پر سیاست کے بجائے آنکھیں کھولیں، سندھ حکومت خدمت نہیں کرسکتی تو رکاوٹ بھی نہ بنے۔

تازہ ترین