پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی سے لاڑکانہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کے پولیٹیکل سیکریٹری سمیت پارٹی کے 3 رہنما بھی اُن کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے ہیلی کاپٹر پر نوڈیرو کیلئے روانہ ہوئے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا ہیلی کاپٹر لاڑکانہ میں نوڈیرو ہاؤس میں اُترا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو، بابر ممتاز اور عطا اصفہانی بھی چیئرمین پی پی کے ہمراہ ہیں۔
بلاول بھٹو اتوار کو نوڈیرو میں سابق وزیراعظم پاکستان اور اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اس موقع پر لاڑکانہ میں کسی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا۔