لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا کے بارے میں کنفیوژن پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کا کنفیوژڈ بیانیہ انکے مسلسل انکار کا ثبوت ہے۔وزراء ملک میں کورونا سے اموات اور مریضوں کی بڑھتی تعداد کے اعلان کررہے ہیں، وزیراعظم کا بیان اس کےبرعکس ہے ، عوام وفاقی سطح پر اسی کنفیوژن کی قیمت اپنی جان سے ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس کنفیوژن، افراتفری کی بار ہا نشاندہی کی، کورونا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کا تقاضا کیا ۔کورونا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم ہر روز ایک نیا عذر تراش رہے ہیں۔