اسلام آباد (این این آئی) معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے شہبازشریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف فرماتے ہیں کہ میں غریب والدین کے گھر پیدا ہوا‘میرے بھائی کے والد جدی پشتی امیر تھے‘ یہ اقوال ان موصوف کے ہیں جو وزیراعظم پر کنفیوژ ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔ ایک بیان میں معاون خصوصی نے کہاکہ کنفیوژوہ ہیں جو لیپ ٹاپ پر ماسک پہنتے ‘نیب پیشی پر چوروں کی بارات کے ساتھ جاتے ہیں‘وزیراعظم کی کرونا پر پالیسی پہلے دن سے واضح ہے جس کی دنیا معترف ہے‘قوم کسی کنفیوژن کی نہیں آپ کی کرپشن اور لوٹ مارکی قیمت ادا کر رہی ہے، الحمدللہ پچھلے ہفتے سے کرونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں‘آپ کی خواہش تھی کہ سخت لاک ڈاؤن ہو اور لوگ کرونا کے ساتھ ساتھ بھوک سے مریں اور آپ سیاست کریں ‘ اپنی اس خواہش کو ناکام ہوتا دیکھ کر دراصل آپ کی فرسٹریشن بڑھتی جا رہی ہے۔